بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی ایک بار پھر خبروں کی
زینت بن گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے اداکارہ کے ممبئی
گھر اور ان کی ملکیتی ریسٹورنٹ چین کے کئی مقامات پر سرچ آپریشن کیا ہے
تاہم شلپا شیٹی کے وکیل نے ان خبروں کی سختی سے
تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوئی 'چھاپہ' نہیں بلکہ ایک روٹین تصدیق ہے ۔
یہ کارروائی بنگلورو میں باسٹین ریسٹورنٹ کے خلاف درج ایف آئی آر کے بعد سامنے آئی ہے، جہاں ریسٹورنٹ کو قانونی اوقات
سے زیادہ دیر تک کھلا رکھنے اور دیگر ضابطوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ 11 دسمبر کی رات ریسٹورنٹ میں پیش آنے والے ایک
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد بنگلورو پولیس نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے کیس درج کیا تھا۔ انکم ٹیکس حکام نے
17 دسمبر کو ممبئی کے دادر اور بنگلورو کے چرچ سٹریٹ پر واقع باسٹین آؤٹ لیٹس پر سرچ کی، جبکہ 18 دسمبر کو ممبئی میں شلپا شیٹی
کے گھر اور دیگر متعلقہ مقامات پر بھی
کارروائی کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ سرچز فوڈ اینڈ بیوریج سیکٹر میں ٹیکس چوری کے الزامات کی تحقیقات کا حصہ ہیں، جن میں کیش ٹرانزیکشنز اور
کتابوں سے باہر لین دین شامل ہیں۔ شلپا شیٹی کے وکیل ایڈووکیٹ پرشانت پٹیل نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا: "میری
موکلہ مسز شلپا شیٹی کندرا کی جانب سے میں تصدیق کرتا ہوں کہ ان کے خلاف کسی قسم کا انکم ٹیکس 'ریڈ' نہیں ہوا۔ یہ صرف انکم
ٹیکس افسران کی طرف سے ایک روٹین تصدیق ہے۔ جو کوئی بھی عوامی سطح پر یہ دعویٰ کرے گا کہ یہ کارروائی اکنامک آفنس ونگ کے
الزامات
سے جڑی ہے، اسے عدالت میں قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
" اداکارہ اور ان کے شوہر راج کندرا پہلے سے ہی 60 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کیس میں پھنسے ہوئے ہیں، جہاں ایک کاروباری
شخص نے الزام لگایا ہے کہ جوڑے نے کاروبار کی توسیع کے نام پر سرمایہ لیا مگر ذاتی اخراجات پر خرچ کر دیا۔ اس کیس میں ممبئی
پولیس کی اکنامک آفنس ونگ تحقیقات کر رہی ہے۔ وکیل نے واضح کیا کہ انکم ٹیکس کی موجودہ کارروائی کا اس فراڈ کیس سے کوئی
تعلق نہیں۔
شلپا شیٹی نے حال ہی میں باسٹین ریسٹورنٹ سے متعلق الزامات کو 'بے بنیاد اور من گھڑت' قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مکمل طور
پر تحقیقات میں تعاون کر رہی ہیں اور
عدالتی نظام پر بھروسہ ہے۔ یہ معاملہ ابھی زیرِ تفتیش ہے اور مزید تفصیلات کا
انتظار ہے۔
