– سول سروسز اکیڈمی والٹن، کے زیر اہتمام اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لیے ایک ماہ دورانیہ پر مشتمل سی ایس ایس اورینٹیشن کورس کا آغاز کیا ہے۔ یہ پروگرام 8 جولائی 2025 سے شروع ہو رہا ہے اور اس کا مقصد اقلیتوں کے نوجوانوں کو مرکزی مقابلے کے امتحان کی تیاری میں علمی، مشاورتی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
یہ اقدام اس پس منظر میں اٹھایا گیا ہے کہ اقلیتی امیدواروں کو تعلیم، رہنمائی، اور وسائل تک مناسب رسائی نہ ہونے کے سبب امتحانات میں مسلسل کم نمائندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کورس کے ذریعے ان محرومیوں کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان کے وفاقی سول سروس میں اقلیتوں کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
چرچ آف پاکستان کے صدر بشپ، ریورنڈ ڈاکٹر آزاد مارشل نے تمام بشپ صاحبان، پادریوں اور کلیسیائی رہنماوں کو اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حلقہ اثر میں موجود اقلیتی نوجوان مرد و خواتین کوسی ایس اسی CSS امتحان کی تیاری کے لیے اس موقع کے بارے میں اگاہ کریں۔ خاص طور پر ایسے امیدوار جو 2026، 2027 یا 2028 میں امتحان دینے کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کے لیے یہ ایک نادر موقع ہے۔
درخواست دینے کے لیے امیدوار اپنا نام ، والد کا نام مکمل پتہ شناختی کارڈ کی کاپی اور ڈومیسائل اور تعلیمی اسناد کی تفصیل درج ذیل ایڈیس پر ای میل کر دیںَ
پروگرام کی تفصیلات
دورانیہ: ایک ماہ (رہائشی تربیت)
فوائد: تعلیمی رہنمائی، CSS امتحان کی تیاری، ماہرین کی سرپرستی، اقلیتی نوجوانوں کے لیے مخصوص نشستوں کی تیاری
سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل، فرحان عزیز خواجہ نے اس پروگرام کو اقلیتی نوجوانوں کے لیے قومی سطح پر خدمات کے دروازے کھولنے کی اہم کوشش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مشاورتی کونسل کی سفارش پر یہ کورس ترتیب دیا گیا ہے تاکہ شفاف، منصفانہ اور نمائندہ نظامِ حکومت میں اقلیتوں کی بھرپور شمولیت ممکن بنائی جا سکے۔