لاہور میں 25 سال بعد بسنت کی واپسی: 6 سے 8 فروری تک رنگین پتنگوں سے سجے گا آسمان

Basant in Lahore in February 2026


 زندہ دلانِ لاہور کے لیے خوشخبری! تقریباً 25 سال کے طویل وقفے کے بعد پنجاب حکومت نے بسنت فیسٹیول کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے  نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق بسنت 2026ء کو 6، 7 اور 8 فروری کو لاہور ڈسٹرکٹ کی حدود میں منایا جائے گا۔ اس تین روزہ تہوار کے دوران پتنگ بازی کی اجازت ہوگی، مگر سخت حفاظتی ضوابط اور ایس او پیز کے تحت۔

پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025ء کے نفاذ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ لاہور کا آسمان دوبارہ رنگ برنگی پتنگوں سے بھر جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پتنگوں اور ڈور کی تیاری اور تجارت 30 دسمبر 2025ء سے 8 فروری 2026ء تک رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور ٹریڈرز کے لیے اجازت ہے، جبکہ عام عوام کے لیے فروخت یکم فروری سے 8 فروری تک ہوگی۔ تمام پتنگوں اور ڈور پر ڈیجیٹل رجسٹریشن اور QR کوڈ لازمی ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ "بسنت لاہور کی ثقافتی شناخت ہے اور اس کی حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔" انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو ممنوعہ ڈور استعمال کرنے سے روکیں۔ حکومت نے کیمیکل، دھاتی یا نائلون کوٹڈ ڈور پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے، جبکہ صرف منظور شدہ مواد (جیسے کاٹن یا سٹارچ بیسڈ ڈور) کی اجازت ہوگی۔ پتنگوں کا سائز بھی 37 سے 43 انچ تک محدود رکھا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر یہ فیسٹیول محفوظ اور منظم طریقے سے منایا جائے گا۔ ٹریفک پولیس موٹر سائیکل سواروں کے لیے مفت حفاظتی اینٹینا فراہم کر رہی ہے تاکہ ڈور سے حادثات روکے جا سکیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آرڈیننس کے تحت سخت قانونی کارروائی ہوگی، جس میں رجسٹریشن منسوخی، سامان ضبطی اور جرمانہ شامل ہے۔شہریوں میں بسنت کی واپسی پر جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز اور تاجر حضرات نے حکومت کے فیصلے کو سراہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ لاہور والے اس ثقافتی تہوار کو کتنی ذمہ داری سے مناتے ہیں، کیونکہ اگر یہ کامیاب رہا تو اگلے سال پورے پنجاب میں پھیل سکتا ہے۔
Web Desk

ہر نیوز انٹرنیٹ کی دُنیا میں ہر خبر کو اردوپڑھنے اور بولنے والوں کے لیے بروقت فراہم کرتا ہے

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی