اسلام آباد (ہر نیوز) – 24 فروری 2026
بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران احمد خان نیازی کوگذشتہ رات گئے اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا جہاں ان کی آنکھ کے علاج کے سلسلے میں اینٹی وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انٹرا وٹریل انجیکشن کی دوسری خوراک لگائی گئی۔پمز ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 74 سالہ عمران خان کو آنکھ کے فالو اپ علاج کے لیے اسپتال لایا گیا۔ طریقہ کار سے قبل ایک میڈیکل بورڈ نے ان کا مکمل معائنہ کیا جس میں کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ نے ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی ٹیسٹ کیے جو نارمل رہے۔ کنسلٹنٹ فزیشن نے بھی انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا۔باخبر رضامندی حاصل کرنے کے بعد، معیاری مانیٹرنگ اور آپریشن تھیٹر کے پروٹوکول کے تحت پمز اور الشفا آئی ہسپتال کے کنسلٹنٹ آپتھلمولوجسٹ اور ویٹریو ریٹینل سرجن کی نگرانی میں مائیکروسکوپی گائیڈنس کے تحت اینٹی وی ای جی ایف انٹرا وٹریل انجیکشن کی دوسری خوراک دی گئی۔ یہ طریقہ کار ڈے کیئر سرجری کے طور پر مکمل کیا گیا۔ہسپتال کے مطابق علاج کے بعد عمران خان کی حالت تسلی بخش رہی اور انہیں ہدایات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔ آنکھ کے علاج کا فالو اپ جاری رہے گا۔یاد رہے کہ عمران خان کو اس سے قبل جنوری میں بھی آنکھ کے معائنے اور ابتدائی علاج کے لیے پمز لایا گیا تھا۔ سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اور حامیوں کی جانب سے خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ ان کا علاج ان کے منتخب ڈاکٹروں اور فیملی کی موجودگی میں نجی ہسپتال میں کیا جائے۔پمز انتظامیہ نے بتایا کہ تمام طبی پروٹوکولز کی مکمل پابندی کی گئی اور سابق وزیراعظم کی صحت کو ہر ممکن احتیاط کے ساتھ دیکھ بھال کیا گیا۔
Tags:
Politics
