![]() |
| (Photo Credit: Pakistan High Commission London) |
لندن (ویب ڈیسک) — یومِ پاکستان کے موقع پر 23 مارچ 2026 کو برطانیہ کے تاریخی اور ہزار سالہ پرانے شاہی گرجا گھر ویسٹ منسٹر ایبی میں پاکستان کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔
اس خصوصی تقریب کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دلی دعائیں کی گئیں۔ایبے کے نارتھ ٹاور پر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا، جو دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک کے قومی دنوں پر کی جانے والی روایت کے مطابق تھا۔ یہ تقریباً 50 سال سے زائد پرانی روایت ہے جس کے تحت جب کسی دولتِ مشترکہ ملک کا ہائی کمشنر ایون سونگ سروس میں شرکت کرتا ہے تو اس کے قومی دن کے موقع پر پرچم لہرایا جاتا ہے۔پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق یہ تقریب پاکستان اور برطانیہ کے مضبوط دوستی کے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اسے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان یکجہتی اور محبت کی علامت قرار دیا۔ویسٹ منسٹر ایبی، جو برطانوی شاہی خاندان کی بڑی تقریبات کا مرکز رہا ہے، اس موقع پر پاکستان کے لیے خصوصی احترام کا اظہار کرتے ہوئے نظر آیا۔ پاکستانی کمیونٹی اور سفارتی حلقوں نے اس روایت کو پاکستان-یو کے تعلقات کی مضبوطی کا مثبت پیغام قرار دیا۔