![]() |
| وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، شزا فاطمہ خواجہ ، میٹا کمپنی کے مقامی نمائیدگان کے ہمراہ |
فیس بک ، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مالک امریکی ٹیکنالوجی کمپنی" میٹا "نے پاکستان میں اپنے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اسسٹنٹ، میٹا اے آئی، کا اردو ورژن باضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنا ہے۔
یہ اہم اعلان وزارت انفارمیشن
ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن (ایم او آئی ٹی ٹی) کے تعاون سے اسلام آباد میں
منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا گیا۔ اس
لانچ کے بعد، پاکستانی صارفین اب نہ صرف انگریزی بلکہ اپنی قومی زبان اردو میں بھی
میٹا اے آئی کے ساتھ رابطہ کر سکیں گے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن
ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، شزا فاطمہ خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
یہ پیش رفت وزیر اعظم کے ’ڈیجیٹل نیشن ویژن‘ کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے وضاحت کی
کہ میٹا کے ساتھ یہ شراکت داری حکومتی اور تعلیمی اداروں میں اے آئی تعلیم، اور
جدت کو فروغ دے رہی ہے۔ وزیر نے اردو شامل کرنے کو ایک سنگ میل قرار دیا جو
ٹیکنالوجی کو زیادہ جامع اور قابل رسائی بنائے گا، اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ
کوئی بھی شہری ڈیجیٹل تبدیلی کے اس سفر میں پیچھے نہ رہ جائے۔
میٹا کے ڈائریکٹر آف پبلک پالیسی
برائے ساؤتھ اور سینٹرل ایشیا، ساریم عزیز نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کا ہدف ہے کہ وہ عوامی شعبے اور تعلیمی اداروں کو اے آئی کے
مؤثر استعمال کے ذریعے ڈیجیٹل تبدیلی لانے میں مدد کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ
میٹا اے آئی کا اردو میں دستیاب ہونا مقامی صارفین کو اپنی زبان میں ٹیکنالوجی سے
جڑنے کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔
میٹا نے لانچ کے ساتھ ہی متعدد
دیگر اہم اقدامات کا بھی اعلان کیا۔ ان میں اے آئی تعلیم اور حکومتی ڈیجیٹل تبدیلی
کے لیے تجرباتی پروگرام شامل ہیں۔
اے آئی
خواندگی پروگرام
میٹا نے
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (این
سی ای اے سی)، اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے ’اے آئی لٹریسی پروگرام‘ شروع کیا
ہے۔ اس پروگرام کے تحت، پورے پاکستان کی یونیورسٹیوں کے ۳۵۰ ایسے اساتذہ کو اے آئی کی بنیادی مہارتوں کی تربیت
دی جائے گی جن کا تعلق کمپیوٹر سائنس سے نہیں ہے، تاکہ وہ اپنے طالب علموں کو جدید
ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے لیے تیار کر سکیں۔
جی ڈی ٹی
ایکس ۲۰۲۵ پروگرام
میٹا نے
’گورنمنٹ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایکسپیریئنس (جی ڈی ٹی ایکس) ۲۰۲۵‘ کا بھی اعلان کیا، جس کا مقصد پاکستان کے سرکاری
اداروں کو میٹا کی ٹیکنالوجیز، حل اور بہترین عالمی حکمت عملیوں تک رسائی فراہم
کرنا ہے۔
لو کل ایڈیشن لاما اے آئی کا
میٹا نے
ڈیلوئٹ کے ساتھ مل کر تیار کردہ گائیڈ "ایشیا پیسیفک میں سرکاری شعبے کی جدت
کو لاما کے ذریعے بدلنا" کا ایک لوکلائزڈ ایڈیشن بھی متعارف کرایا۔ یہ گائیڈ
واضح کرتی ہے کہ میٹا کا اوپن سورس اے آئی ماڈل، لاما، کس طرح سرکاری کاموں کو
بہتر بنا سکتا ہے، عوامی خدمات میں اضافہ کر سکتا ہے، اور ڈیٹا کی خودمختاری کو مضبوط
بنا سکتا ہے۔
