لندن (20 ستمبر 2026) — لندن کے تاریخی سینٹ جانز چرچ (ہائیڈ پارک) میں حال ہی میں منعقد ہونے والے مودسٹ فیشن ویک (Modest Fashion Week, London)کے ایک شو نے برطانیہ میں مذہبی حلقوں میں شدید بحث چھیڑ دی ہے۔
اس ایونٹ میں حجاب اور نقاب پہنے ماڈلز نے چرچ کے اندر رن وے پر واک کی، جسے متعدد اینگلیکن رہنماؤں نے چرچ آف انگلینڈ کی توہین قرار دیا ہے۔ ایونٹ کا انعقاد 12 ستمبر 2026 کو ہوا تھا۔ اس میں بین الاقوامی ڈیزائنرز کے مودسٹ کپڑوں کے ڈسپلے کے ساتھ ساتھ گیسٹ سپیکرز بھی موجود تھے۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چرچ کے زیبائشی اندرونی حصے، شیشے کی کھڑکیوں اور مذہبی علامات کے درمیان ماڈلز چل رہی ہیں اور کچھ خواتین مائیک پر تقریر کر رہی ہیں۔ اینگلیکن پادری ریورنڈ کینن فادر فل ہیرس نے اس واقعے پر اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ان کا دل نہ صرف بھاری ہے بلکہ ٹوٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "چرچ کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے"۔ انہوں نے اس ویڈیو کو شیئر کیا جس میں تنقید کی گئی تھی کہ کوئی بھی مسجد برطانیہ میں اس طرح کا مساوی ایونٹ کبھی نہیں منعقد کرے گی۔ اس پوسٹ نے تیزی سے توجہ حاصل کی اور ہزاروں لائکس اور شیئرز حاصل کیے۔
متعدد صارفین نے چرچ آف انگلینڈ کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی مقامات کو اس طرح کے کمرشل یا ثقافتی ایونٹس کے لیے استعمال کرنا ایک طرفہ سہولت فراہم کرنے کے مترادف ہے۔ مودسٹ فیشن ویک کے منتظمین کے مطابق یہ ایونٹ مودسٹ فیشن انڈسٹری کو فروغ دینے، ڈیزائنرز اور انٹرپرینیورز کو اکٹھا کرنے اور نمائندگی بڑھانے کے لیے تھا۔
تاہم، ناقدین کا کہنا ہے کہ ایک فعال عبادت گاہ کو فیشن شو کے رن وے میں تبدیل کرنا مسیحی کمیونٹی کے لیے قابلِ قبول نہیں۔ یہ واقعہ برطانیہ میں مذہبی مقامات کے استعمال، بین المذاہب تعلقات اور ثقافتی انضمام کے بارے میں جاری بحث کا حصہ بن گیا ہے۔ چرچ آف انگلینڈ کی قیادت کی طرف سے اب تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
پاکستانی ملبوسات کے مشہور برانڈز PALACCHI نے بھی اس شو میں بھر پور شرکت کی۔
